نئی دہلی،10 ؍فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ریزرویشن کی مانگ کو لے کر گوجر برادری کے لوگ مسلسل تیسرے دن بھی ٹرین کی پٹریوں میں بیٹھے ہیں۔راجستھان حکومت نے منانے کے لئے اپنے وزیر کو بھی ان کے پاس بھیجا تھا لیکن فی الحال بات بنتی نہیں دکھائی دے رہی ہے۔گوجروں کی تحریک کا ٹرینوں کی نقل و حمل پراثر پڑا ہے۔ریلوے نے جنتا، گومتی، فرکا، امرپالی اور برونی ایکسپریس سمیت درجنوں گاڑیوں کو کچھ دنوں تک منسوخ کر دیا گیا ہے۔گوجر دہلی ممبئی ریل راستے پر پٹریوں پر بیٹھے ہیں 5 فیصد ریزرویشن کی مانگ کو لے گوجروں کا یہ پانچواں مظاہرہ ہے۔قابل ذکر ہے کہ گوجر لیڈر پانچ فیصد ریزرویشن کی مانگ کو لے کر جمعہ کی شام کو سوائی مادھوپور کے ملارنا ڈونگر میں ریل پٹری پر بیٹھ گئے تھے۔ریاستی حکومت کی طرف سے قائم کمیٹی کے رکن وزیر سیاحت وشویندر سنگھ اور بھارتی انتظامی سروس کے سینئر افسر نیرج کے پون نے ہفتہ کو گوجر لیڈر کروڑی سنگھ بیسلا سے بات چیت کی لیکن بیسلا اپنے مطالبے پر قائم رہے۔آپ کو بتا دیں کہ گوجر سماج سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں داخلے کے لئے گوجر، رائیکا ریباری، گڈیا، لوہار، بنجارہ اور گڈریا سماج کے لوگوں کو پانچ فیصد ریزرویشن کا مطالبہ کر رہا ہے۔فی الحال دیگر پسماندہ طبقات کے ریزرویشن کے اضافی 50 فیصد کی قانونی حد میں گوجروں کو انتہائی پسماندہ زمرے کے تحت ایک فیصد ریزرویشن الگ سے مل رہا ہے۔